کراچی / لاہور / پشاور/ کوئٹہ / گلگت بلتستان : ملک بھر کی آبادی کے درست تعین کیلئے انیس سال بعد خانہ و مردم شماری کاآغاز ہوگیا۔ چیف شماریات آصف باجوہ نے ضلع اٹک اور شہباز شریف نے لاہور میں مردم شماری کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف شماریات آصف باجوہ نےضلع اٹک سے چھٹی مردم شماری کا افتتاح کردیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےاپنی رہائش گاہ کی خانہ شماری خود کرکے لاہورماڈل ٹاؤن میں مردم شماری کا افتتاح کیا، صوبہ پنجاب کواسی ہزاربلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہرشمار کنندہ کے ساتھ ایک اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے گا۔
کراچی سمیت سندھ کےچھ اضلاع میں مردم شماری کا آغاز وقت مقررہ پر ہوا۔ عملے کو سینٹرز سے بلاک تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں چودہ ہزارچار سو چورانوے بلاک بنائے گئے ہیں۔
پشاورکےتیرہ اضلاع قبائلی ایجنسی اورکزئی میں بھی خانہ شماری سخت سیکیورٹی میں جاری ہے۔ عملے نے گھر گھر جاکر معلومات لینا شروع کردی۔ خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر دوہزار دوسو تریسٹھ بلاک بنائے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں مردم شماری کیلئے پہلے مرحلےمیں بلوچستان کے پندرہ اضلاع کو چھ سوانتیس بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے۔ عملے کےچھ ہزارنو سو ترپن افراد کی سیکیورٹی کیلئے تین ہزار پانچ سو بتیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں مردم شماری متنازع ہونے کا خدشہ
آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے پانچ پانچ اضلاع میں بسنے والوں کی بھی گنتی کا آغازہوگیا ہے۔ انیس سال بعد ہونے والی مردم شماری میں غلط معلومات فراہم کرنے والوں کو چھ ماہ قید اورپچاس ہزار روپے جرمانے یا پھر دونوں سزاؤں کو ایک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔