کوئٹہ : پاکستان میں محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نئے اسلامی سال کے اغاز کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام 1444 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا ، جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، زونل کمیٹی کراچی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،سپارکو کے ممبران بھی شریک ہوں گے۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے، اجلاس میں محرم الحرام کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نئے اسلامی سال کے اغاز کا اعلان کریں گے۔
محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی صورت میں یوم عاشور 9 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے گذشتہ روز سعودی عرب میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا تھا ، جس کے تحت سعودی عرب میں یکم محرم الحرام 30 جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات بھی کیے۔