سنچورین ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 7 وکٹیں اور جنوبی افریقا کو 121 رنز درکار ہیں۔
سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے تین وکٹوں کے نقصان پر27 رنز بنالیے ہیں، پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔
سعود شکیل نے 84 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان شان مسعود 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر صائم ایوب 27 اور آل راؤنڈر عامر جمال 18 رنز بناسکے، کامران غلام 4، محمد رضوان صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، سلمان آغا بھی ایک رن بناسکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جینسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، کاگیسو ربادا نے دو اور بوش، پیٹرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جواب میں جنوبی افریقا نے 301 رنز اسکور کیے تھے، جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 90 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کے فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں پہلی بار وائٹ واش کیا تھا، صائم ایوب کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔