کراچی: اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے کراچی میں واقع دعوت اسلامی کے عالمی مرکز کا دورہ کیا اور بانی دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے دعوت اسلامی کے عالمی مرکز فیضان مدینہ کا دورہ کیا، اس موقع پر فیضان مدینہ کے منتظمین اور مجلس شوریٰ کے سربراہ اور اراکین نے ان کا استقبال کیا۔
بانی دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری سے بھی سلمان اقبال کی خصوصی ملاقات ہوئی جس میں مولانا الیاس قادری نے سلمان اقبال اور اے آر وائی فیملی کے لیے خصوصی دعا کی۔
سلمان اقبال کو مدنی چینل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا گیا اور دعوت اسلامی کے تعلیمی اداروں، غیرمسلموں تک اسلام کی دعوت سمیت مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر سلمان اقبال نے کہا کہ دین کے لیے دعوت اسلامی خدمات قابل تحسین ہیں۔
بعدازاں اے آر وائی نیوز کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے آل پاکستان میمن فیڈریشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔
سلمان اقبال نے ملک بھر میں میمن کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت تعلیم اور معاشی میدان میں میمن کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر قوم کے لیے خدمات سر انجام دی ہیں۔
آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر ایوب موٹلانی نے سلمان اقبال کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم حاجی عبدالرزاق یعقوب نے اس تنظیم کو بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا جس کی وجہ سے آج میمن کمیونٹی ایک بہترین پلیٹ فارم پر متحد اور یکجا ہے۔
آل پاکستان میمن فیڈریشن کے دورے کے موقع پر اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کو شعبہ آئی ٹی، آڈیٹوریم اور اسپورٹس کمپلیکس سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا گیا۔