کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال نے بلاول ہاؤس میں سابق صدرآصف زرداری کو کراچی کنگز کی آفیشل ٹی شرٹ پیش کی.
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے سابق صدر آصف زرداری سے ہونے والی اہم ملاقات میں پی ایس ایل کے انعقاد، پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی اور کراچی میں ہونے والے فائنل کے انتظامات پربھی تبادلہ خیال کیا اور اہم تجاویز پیش کیں.
اس موقع پرسابق صدر آصف زرداری نے ملک میں جمہوریت اور کھیلوں کے فروغ میں اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی نےعالمی کرکٹ کی پاکستان واپسی کے لیے اہم کردارادا کیا ہے اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے سب سے آگے رہا.
پی پی پی پی کے صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہونے سے یہاں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس کے لیے سندھ حکومت نہ صرف مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے بلکہ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی کاوشوں کی بھی معترف ہے.
اسی سے متعلق : پی ایس ایل 2018: میچز کا شیڈول جاری
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی حمایت کرنے اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے کردار کو سراہنے پر آصف زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں کراچی کنگز کی آفیشل ٹی شرٹ بھی پیش کی.
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز رواں ماہ 22 فروری کو دبئی میں ہوگا اور شائقین کرکٹ کو مضبوط ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جب کہ اس بار فائنل لاہور کے بجائے کراچی میں کھیلا جائے گا.