کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پی آئی اے انتظامیہ کشمیری بھائیوں کی اس جدوجہد اور جہاد میں ان کے ساتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر پی آئی اے ہیڈ آفس میں کشمیر آور منایا گیا۔
اس موقع پر کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا، پی آئی اے ملازمین نے قومی اور کشمیری پرچم تھام رکھے تھے۔
پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پی آئی اے کشمیریوں کی اس جنگ اور جدوجہد اور جہاد میں پی آئی اے ان کے شانہ بشانہ ہے۔
ایئرمارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جس طرح پاکستان اور قومی ادارے اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے قومی ایئرلائن پی آئی اے بھی ان کی جدوجہد میں کسی سے پیچھے نہیں۔
علاوہ ازیں ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی تمام سرکاری اداروں میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ پی آئی اے ،سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایس ایف اور ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پریوم یکجہتی کشمیری بھرپور طریقے سے منایا گیا، اس موقع پر پی آئی اے اور سی اے اے کی جانب سے بھرپور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
ملک کے مختلف ایئرپورٹس سمیت پی آئی اے ہیڈ آفس میں بارہ بجتے ہی قومی ترانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیری ترانے اور قومی ترانے پڑھے گئے۔ تمام ملازمین نے ہاتھوں میں قومی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔
اس کے علاوہ کراچی ،لاہور،اسلام آباد، پشاور سمیت دیگر ایئرپورٹس پر بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں بھی نکالی گئی۔