لاہور : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ادارے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن کے بعد عمرہ سیزن کیلئے اپنی تیاریاں شروع کردیں۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پی آئی اے بکنگ آفس اور دیگر دفاتر میں کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہیں مارکیٹنگ اور کارگو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیاجائے گا، اس سال پی آئی اے کے بیڑے میں مزید دو طیاروں کی شمولیت کے بعد منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے اور مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کا پی آئی اے پر اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔
علاوہ ازیں ایئر مارشل ارشد ملک نے کارگو کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، انہوں نے کارگو کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا۔ سی ای او پی آئی اے نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو چیک ان سے لے کر بورڈنگ تک رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اس کے علاوہ کیٹرنگ کے دورے کے دوران انہوں نے پروازوں میں کھانے کے معیار اور مسافروں کے پسندیدہ مشروبات فراہم کرنے پر زور دیا۔
ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ لاہور اسٹیشن کی کارکردگی اطمینان بخش ہے، ملازمین کی ترقیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔