کراچی : سی ای او پی آئی اے عامرحیات نے ڈیوٹی ٹائمنگ میں ملازمین کے دفاتر سے غیر حاضر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے ملازمین غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کے سی ای او نے ملازمین کی ڈیوٹی ٹائمنگ میں غیرقانونی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ شعبوں کے چیفس اورجی ایمزسے 5ستمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔
سی ای او پی آئی اے عامرحیات نے تمام شعبوں کےسربراہان کوخط لکھ دیا ، جس میں کہا ہے کہ مشاہدےمیں آیاملازمین ڈیوٹی ٹائمنگ میں دفاتر سے غیر حاضر ہوتے ہیں، پی آئی اے کے مستقل اورکنٹریکٹ ملازمین بغیراجازت دفاترسےغائب رہتے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ ایسے ملازمین غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے اور ایسے ملازمین کمپنی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہےہیں۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ ملازمین کا طرز عمل ادارےکی بدنامی کاباعث بن رہاہے، یہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کےقوانین اورپالسیوں کی خلاف ورزی ہے، تمام شعبوں کےانچارج ایسے ملازمین کی نشاندہی کرکے5ستمبر تک رپورٹ دیں۔
عامرحیات نے خبردار کیا کہ ناکامی کی صورت میں متعلقہ شعبوں کےسربراہان ذمہ دار ہوں گے۔