اسلام آباد : اسلام آباد میں بھی آن لائن ٹیکسی ایپ کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔ غیر قانونی طور پر چلنے والی متعدد گاڑیاں پکڑلی گئیں، وفاقی وزیرداخلہ نے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پر پابندی کا نوٹس لے لیا، ڈپٹی کمشنرسے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کے بعد اسلام آباد میں بھی آن لائن ٹیکسی سروسز (کریم اور اوبر سروس) کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی، ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے متعلقہ حکام کو کارروائی کا حکم نامہ جاری کردیا۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیاں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے مسائل پیدا کرسکتی ہیں، سیکرٹیری ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ غیرقانونی طور پر چلنے والی متعدد گاڑیاں پکڑلی گئیں ہیں۔
مزید پڑھیں : اوبر اور کریم ٹیکسی سروس غیر قانونی قرار، کریک ڈاؤن کا آغاز
کارروائی کسی ایک کمپنی کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے خلاف ہوگی، دریں اثناء وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پر پابندی کا نوٹس لے کر ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری سواری سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔