اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی نےکہا ہے کہ مصطفٰی کمال کی پریس کانفرنس صرف لفاظی تھی،ثبوت نہیں دیئے گئے مصطفٰی کمال یا کسی اور کےپاس بھی ثبو ت ہیں تو فراہم کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثارعلی نے کہاکہ مصطفی کمال اپنی مرضی سے گئے اور واپس بھی اپنی مرضی سے آئے۔
انہوں نے اپنے الزامات کے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کئے گئے مطالبے پرانہوں نے کہا کہ ہرپریس کانفرنس کی بنیاد پرعدالتی کمیشن نہیں بنایا جاسکتا۔
ان کا کہناتھا کہ جب تک وزارت میں ہوں متحدہ سمیت کسی جماعت سےناانصافی نہیں ہونےدوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ عمران فاروق کیس میں برطانوی حکام کی پیش رفت پرمایوسی ہے،سارا کام قانون کے مطابق ہوگا کسی کو بھینٹ نہیں چڑھایا جائے گا۔