پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

نوازشریف پرمشکلات ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی، چوہدری نثار

اشتہار

حیرت انگیز

فتح جنگ : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف پر مشکل ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہے، ان کو کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ کی تضحیک نہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح جنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کا نہایت اہم الیکشن ایک ہفتے بعد ہونے والا ہے، اگلے5سال ملک کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہوگی یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے، یقین ہے آپ جیپ پر سوار ہوں گے اور اسے اوور لوڈ بھی کریں گے،1985سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کی تاریخ میں کبھی اتنا نازک موڑ نہیں آیا،25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے، معاشی اور اقتصادی صورتحال انتہائی نازک صورتحال پر ہے، ملک کی سلامتی و سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں، گھمبیر صورتحال کا قومی وحدت و اتحاد سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے، موجودہ دورمیں1971سے بڑے خطرات دیکھ رہا ہوں۔

چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف پر مشکلات ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہیں، مشکل وقت پر کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ اہم قومی ادارہ ہے، انصاف مانگیں اس کی تضحیک نہ کریں، لیکن لوگوں نے نوازشریف کے کان بھرے کہ میں ان کو صحیح مشورہ نہیں دیتا۔

چوہدری نثار نے بتایا کہ میرا پارٹی اور نواز شریف سے34سال کا تعلق ہے، ہم نے14لوگوں کے ساتھ مل کر ن لیگ بنائی تھی آج پارٹی بنانے والے14لوگ نواز شریف کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

میں نے زندگی میں کبھی الیکشن میں ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دی، عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار کو جتنے ٹکٹ چاہئیں دینے کو تیار ہوں، لیکن ہم ملوں ،فیکٹریوں اور پیٹرول پمپ کیلئے نہیں بلکہ سیاست عزت کیلئے کرتےہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں