ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

چوہدری نثار کا فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی شہریت بحال کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دفاع پاکستان قونصل کے وفد سے ملاقات کی اور فورتھ شیڈول میں شامل علمائے کرام سمیت دیگر افراد کے قومی شناختی کارڈ بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔

تفصیلات کے مطابق  دفاع پاکستان کونسل کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور فورتھ شیڈول میں علمائے کرام کے ناموں کو شامل کرنے اور اُن کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے دفاع پاکستان کونسل کے وفد کی شکایات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل تمام افراد کے شناختی کارڈ بحال کرنے کے حوالے سے احکامات کردئیے۔

پڑھیں:  فورتھ شیڈول میں صرف علمائے کرام کے نام شامل کیے گیے، سمیع الحق

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس  کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’حکومت کی جانب سے فورتھ شیڈول میں جرائم پیشہ افراد کے بجائے پنجاب کے علمائے کرام کے نام ڈالے گئے ہیں‘‘۔

انہوں نے حکومت سے علمائے کرام کے نام فورتھ شیڈول سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ منسوخ کرنا غیر آئینی اور بینادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

مولانا سمیع الحق نے حکومت کو  خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت کی جانب سے علمائے کرام کے ساتھ ناروا سلوک بند نہ کیا گیا تو دفاع پاکستان کونسل میں شامل تمام جماعتیں سڑکوں پر آنے کے لیے مجبور ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت پاکستان نے رواں ماہ فورتھ شیڈول میں شامل ہونے والے افراد کے قومی شناختی کارڈ بلاک کرتے ہوئے شہریت منسوخ کردی دی تھی۔

حکومت کی جانب سے لال مسجد کے خطیب مولوی عبدالعزیز، اہلسنت والجماعت کے سربراہ احمد لدھیانوی، مولانا محسن نجفی اور مقصود ڈومکی سمیت متعدد مذہبی رہنماؤں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فورتھ شیڈول میں شامل 2021 افراد جن کی شہریت منسوخ کی گئی تھی وہ بیرونِ ملک سفر، زمینوں کی خریدوفروخت کے پابند تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں