لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نوازشریف ٹکریں مارتے رہیں گے لیکن اس مرتبہ ان کی پکڑ اللہ کی طرف سے ہوئی ہے، تقاریر میں عوام کوعدلیہ اورفوج کیخلاف اکسایا جارہا ہے، سپریم کورٹ پر حملے کا اب زمانہ نہیں رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اداروں کے ساتھ ہمیشہ ٹکراؤ کی پالیسی رہی ہے، ریلی کے دوران خطاب میں عوام کو عدلیہ اور فوج کیخلاف اکسایا جارہا ہے۔
قوم کو اداروں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کے خطابات کیے جارہے ہیں، نواز شریف ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ لیکن نااہل وزیر اعظم کسی غلط فہمی میں نہ رہیں پاکستان کے عوام عدلیہ اور پاک فوج کے ساتھ ہیں، عدلیہ اور فوج ہمارے مضبوط ادارے ہیں انہیں کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت پر حملے کا وقت گزر گیا، اب کسی میں جرات نہیں کہ وہ عدلیہ پر حملہ کر سکے اور نہ ہی اب ان کا کال پر کوئی کان دھرے گا۔
چودھری پرویز الہیٰ نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بھائی اقتدار میں ہوں تو فرعون ہوتے ہیں، دونوں کو حکومت کرتے ہوئے پچیس سال ہو گئے لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: عوام نےووٹ دیا‘ ججز نے گھر بھجوادیا، نوازشریف
ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران کی کمپنیاں منی لانڈرنگ کیلئےاستعمال ہوتی رہی ہیں، معصوم یہ نہیں ہیں،انہوں نے معصوم کی جان لےلی ہے، نوازشریف خود کسی کےساتھ نہیں ٹکتے، عوام کی بہتری کیلئے نوازشریف کچھ نہیں کرتے صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، ان کی نظر صرف مال بنانے پر ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
پرویز الہیٰ نے کہا کہ نواز شریف کی تاریخ رہی ہے کہ وہ اداروں سے ٹکریں مارتے ہیں، انہوں نے پہلی اور دوسری ٹکرخود ہی ماری تھی، اب بھی نوازشریف ٹکریں مارتے رہیں گے لیکن اس مرتبہ اللہ کی طرف سے پکڑ ہوئی اور پورے کا پورا ٹبر ہی پکڑا گیا ہے۔