لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالٰہی کی گرفتاری کیلئے اینٹی کرپشن ٹیم نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔
تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت کی جانب سے چوہدری پرویزالٰہی کو ضمانت ملنے کے باوجود اینٹی کرپشن کی ٹیم گرفتاری کیلئے ظہورالٰہی روڈ پر قائم ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔
اینٹی کرپشن ٹیم کے ساتھ ایس پی ماڈل ٹاؤن اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اطلاع ملتے ہی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویزالٰہی کے گھر پر ان کے وکلا کی ٹیم پہنچ گئی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چوہدری پرویزالٰہی کی اپنے وکلاء کے ساتھ مشاورت کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویزالٰہی کی گرفتاری کیلئےچھاپہ مارا ہے، تاہم اس وقت اینٹی کرپشن اہلکاروں
کی ان کی لیگل ٹیم سے بات چیت جاری ہے۔ لیگل ٹیم نے اینٹی کرپشن ٹیم کو آگاہی دی کہ عدالت نے پرویزالٰہی کو ضمانت دی ہوئی ہے۔
اینٹی کرپشن ٹیم کا کہنا ہے کہ ہمیں جج کے ضمانت کے آرڈر دکھائیں۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم آج گوجرانوالہ میں ہونے والے کیس میں گرفتاری کیلئے پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی پر ساڑھے 12 کروڑ روپے کے کرپشن کیس میں درخواست ضمانت سے متعلق عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ساڑھے 12 کروڑ روپے کے کرپشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت نے طرفین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے سناتے ہوئے ضمانت منظور کرلی گئی تھی، عدالت نے چوہدری پرویز الہی کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔