لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے اپنے بیٹے مونس الہٰی اور دیگر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس حوالے سے زمان پارک لاہور میں چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اس موقع پر فواد چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی لیڈر شپ کا احترام ہے، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہرمشکل گھڑی میں ہم نے عمران خان اور پارٹی قیادت کا بھرپور ساتھ دیا ہے، ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں اور رہیں گے اور عمران خان کی بھرپور مدد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک و قوم کو فائدہ ہوگا، ایسا کوئی کام نہیں ہوگا جس سے ملک یا پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔
پرویزالٰہی تحریک انصاف کے صدر ہوں گے، فواد چوہدری
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پرویزالہٰی کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی اور ان کے ساتھی اب پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چوہدری پرویزالٰہی پاکستان تحریک انصاف کے صدر ہوں گے، ان کو پارٹی صدر بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ محمد خان بھٹی کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں پر ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی اور ان کے دیگر ساتھی ایم پی ایز پر بہت دباؤ ڈالا گیا لیکن وہ پھر بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہے، ان کے ساتھ ہمارا سفر نہایت شاندار رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی اور ق لیگ کے کردار کو پی ٹی آئی سراہتی ہے، ان سب نے پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہنے کیلئے قربانیاں دی ہیں، جس طرح پرویزالٰہی اور ان کے ساتھیوں نے ہمارا ساتھ دیا ہم بھی ساتھ دیں گے۔