سیالکوٹ : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف عرصہ دراز سے چوری کر رہے تھے اب پکڑے گئے، سپریم کورٹ کے تمام ججز نے نواز شریف کو کرپٹ اور جھوٹا قرار دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ عدالت نے پاناما کیس کے فیصلے میں نواز شریف کی چوری کی تصدیق کرنے کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم کے خلاف فیصلے سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ ایک جج نے تو پانامہ کیس میں یہ لکھا کہ نواز شریف گاڈ فادر ہے اور کرپٹ مافیا کا سردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بد دعائیں لگیں اورنواز شریف پکڑا گیا، پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف استعفی دینے کی بجائے آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں، کرپٹ وزیر اعظم کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان سے تعلقات نہیں بڑھائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مکینیکل تندور، آشیانہ اسکیم اور دانش اسکول کے اربوں روپے کھا گئے۔
شہباز شریف کے دور میں دس ہزار سرکاری اسکول بند اور دس ہزار اسکول ٹھیکے پر دے دیئے گئے۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بتائیں چنیوٹ سے نکلنے والا اربوں روپے کا سونا کہاں گیا۔