گجرات : مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو جو سزا ملی اس میں کسی کا کوئی کمال نہیں یہ اللہ کی پکڑ میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمیں یقین تھا کہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے قانون میں تبدیلی کرنے والے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران اللہ کی پکڑ سے بچ نہیں پائیں گے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اس کے اعمال کی سزا ملی ہے، 2013 میں نواز شریف نے لندن میں قادیانیوں سے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا وعدہ کیا تھا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نا حق خون کرنے والے اللہ کی پکڑ میں آئیں گے،ان کا کہنا تھا کہ آج شریف فیملی کا تکبر اور فرعونیت زمین بوس ہو گئی، یہ آئندہ کے حکمرانوں کے لیے وارننگ ہے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دس سال تک سیاست کیلئے نااہل ہوچکے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔