لاہور : مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کو جمہوریت کے خلاف سازش قرار دینا افسوسناک ہے، وزیر اعظم ہاؤس کرپشن بچاؤ تحریک کامرکز بن گیاہے،حکمران خاندان کی کرپشن کے باعث پاکستان عالمی برادری میں تنہا ہو گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے آئینی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کر کے ان کو نیچا دکھانے کی روش انتہائی احمقانہ ہے۔
حکمرانوں کی جانب سے کرپشن کی نشاندہی کو جمہوریت کے خلاف سازش قرار دینا اور بھی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عملی طور پر غیر فعال ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس امور مملکت چلانے کے بجائے کرپشن بچاؤ تحریک کا مرکز بن چکا ہے، موجودہ حالات میں ملک کی سینئر سیاسی قیادت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے نوازشریف پر زور دے کہ وہ فوری طور پر عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔