لاہور: پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پر کوئی دھبہ نہیں آنے دیں گے، فائنل کے بعد ڈسپلنری کمیٹی بنائی جائے گی، شرجیل خان اور خالد لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے جب کہ عرفان کو شوکاز دینا ممکن ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ جائلز کلارک نے پاکستان کی سیکیورٹی سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں لاہور کو محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی 83 فیصد کم ہوئی، جائلز کلارک نے تجویز کیا ہے کہ دنیا بھر کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان جانا چاہیے۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا ہمارے لیے ایک اعزاز ہے، فائنل کو بھرپور سپورٹ ملنی چاہیے۔
پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو پی سی ایل میں دلچسپی ہے،ہم بھی پی ایس ایل کو بہت اہمیت دیتے ہیں، اسی لیے اسپاٹ فکسنگ کا پتا چلنے پر دو کھلاڑیوں کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر فوری طور پر پاکستان واپس بھیجا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ شرجیل اور خالد جس پرواز سے وطن واپس آئے میں بھی اسی پرواز سے وطن واپس آیا، ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو خوب شرمندہ کیا،شرجیل اور خالد لطیف کو شوکاز نوٹس دیا جارہا ہے،اگر شواہد نہ ہوتے تو فوراً کھلاڑیوں کو واپس نہ بلاتے، دونوں کھلاڑیوں کوصفائی کا پورا موقع بھی دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سے تین مزید لڑکوں پر بھی توجہ تھی مگر وہ کلیئر ہیں تاہم محمدعرفان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ممکن ہے کہ عرفان کو بھی شوکاز نوٹس دے دیا جائے۔
شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی کے بگ تھری کا خاتمہ ہوگیا ہے جو کہ ایک بہترین اقدام ہے،آئی سی سی کا نیا قانون انتہائی اہم ہے،ہمیں معلوم تھا بھارت کی جانب سے اس کی مخالفت ہوگی تاہم بھارت کی پوزیشن مستحکم نہیں ہے کیونکہ اس کے ساتھ صرف سری لنکا ہے جبکہ دیگر ممالک آئی سی سی کے ساتھ کھڑے ہیں،آئی سی سی کے 10 رکن ممالک نے ہمارے حق میں ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے کے لیے بھارت کو بھی مدعو کیا تھا مگر اس نے وقت پر جواب نہ دیا ،سیریز میں تاخیر پر 20 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے کہا کہ پی ایس ایل پر کوئی دھبہ نہیں آنے دیں گے ،پی ایس ایل کے فائنل کے بعد ڈسپلنری کمیٹی بنائیں گےجس میں سینئر جج کو کمیٹی کا سربراہ بنایا جائے گا۔