کراچی : چیئر مین آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات 25 مارچ سے شروع کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات 25 مارچ سے شروع کیے جائیں، اسکولز بند ہونے کی وجہ سے 16 مارچ سے آغاز ممکن نہیں ہے۔
چیئرمین حیدر علی کا کہنا تھا کہ 15 مارچ تک اسکول مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے ایڈمٹ کارڈ کی وصولی اور اجراء نہیں ہوسکتا اور 16 مارچ تک امتحانی مراکز والے اسکولز بھی امتحانی تیاری نہیں کرسکتے۔
انھوں نے مزید کہا مشیر بورڈز و جامعات ہنگامی بنیادوں پر امتحانات کا شیڈول از سر نو ترتیب کروائیں ، سندھ بھر کے 5 لاکھ سے زیادہ طلبہ وطالبات کے مستقبل کا سوال ہے ۔
یاد رہےکرونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات سے کراچی میں میٹرک کے طلباء مشکل میں پڑگئے، چھٹیوں کے باعث امتحانات کی تیاری مکمل نہیں ہوسکی , اسکول انتظامیہ بھی پریشان ہے کہ بغیر تیاری طلباء کیسے امتحان دیں گے؟
سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈز نے امتحانی تاریخ میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرچے پہلے سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اور میٹرک بورڈ کو ہدایت کی ہےکہ ایڈمٹ کارڈز جاری کردیں۔
خیال رہے شیڈول کے مطابق میٹرک کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہونے ہیں اور سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کو 13 مارچ تک چھٹی دی ہے۔