لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبیر زیدی نے کہا ہے کہ مستقبل میں پاکستان سے باہر پیسہ لے کر جانا آسان نہیں ہوگا، پاکستان میں آپ کا پیسہ زیادہ محفوظ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے نامی لاء بنایا گیا لیکن ابھی تک اس عمل نہیں کیا گیا، بے نامی اکاؤنٹس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
شبر زیدی نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم میں آپ کے مسائل کم ہوں گے، ایک بہت عام اور آسان اسکیم متعارف کروائی ہے، ٹیکس پیئرز اور انکم ٹیکس آفیسرز کے درمیان قربت نہیں ہونی چاہئے، میرا مقصد بندے کی بجائے ادارے کو پکڑنا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پرانی ایمنسٹی اسکیم کا ذکر کرکے اس اسکیم کو خراب نہ کیا جائے، نان فائلر ایک کرمنل ہے۔
مزید پڑھیں: چند خام مال پر تو ٹیکس چھوٹ دی جا سکتی ہے سب پر نہیں: شبر زیدی
انہوں نے کہا کہ 1992 سے لے کر 2018 تک قانون میں تبدیلی نہیں کی گئی، ان سالوں میں پاکستان کو ٹریڈنگ اسٹیٹ بنا کر چلایا گیا، اس قانون کے تحت بلیک منی کو وائٹ کیا جاتا رہا ہے، ایکسچینج کمپنیوں کو بھی ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔
شبر زیدی نے کہا کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیل میرے پاس ہے، اگر کوئی افسر پرانی ایمنسٹی پر تنگ کررہا ہے تو مجھے بتائیں شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ میں ایمنسٹی اسکیم کو پروموٹ کرنے کے لیے لاہور آیا ہوں، صرف بیکار کی باتیں نہ کی جائیں بہتری کی باتیں کی جائیں، انشاء اللہ پیسہ بھی آئے گا اور ٹیکس سسٹم میں ریفارمز بھی ہوں گے۔