کراچی میں انٹرمیڈیٹ نتائج پر تنازع کے بعد چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو انٹربورڈ چیئرمین کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔
امیر قادری سے بغیر اجازت بیرون ملک دورے پر جانے پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین انٹر بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبا نے انٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا ہے جس میں نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
طلبا نے بتایا کہ نتیجہ انتہائی مایوس کن بنایا گیا ہے، میٹرک میں 80 سے 85 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو 50 فیصد سے بھی کم نمبر دیے گئے۔
احتجاج کرنے والے طلبا کا کہنا ہے کہ کئی کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب انٹربورڈ کے نتائج کا تنازع سندھ اسمبلی میں پہنچ گیا اور ارکان کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔
ایم کیو ایم ارکان نے وقفہ سوالات میں انٹر نتائج پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن ڈپٹی اسپیکر کی اجازت نہ دینے پر شور شرابا گیا کیا اور کاغذ پھاڑ کر اڑا دیے گئے۔