کراچی: چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک بدمست ہاتھی ہے اسے منسٹر کنٹرول نہیں کرسکتے ہم کیا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صورتحال نارمل رہی ہو، تمام سینٹر پر امتحانات جاری ہیں، آج پہلا پرچہ کمپیوٹر سائنس کا پرچہ تھا، ہم اسے چھوٹا پرچہ کہتے ہیں کیونکہ طلبا کی تعداد کم ہوتی ہے۔
شرف علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ سینٹرز پر آخری موقع پر اسکول مالکان نے سینٹر بنانے کے لئے انکار کردیا ، ان کے کچھ مسائل تھے، ہم ڈندا نہیں مار سکتے تھے، اس لئے ہمیں سینٹرز تبدیل کرنے پڑے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ سپریٹینڈیٹ پرچہ لیں ، اگر کوئی طلبہ موبائل لاتا ہے تو ہمارے پاس یہ قانون نہیں ہے کہ موبائل ضبط کیا جائے ، اگر ایک سال بھی ایسا ہوجائے تو طلبہ موبائل نہیں لائیں گے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم نے کے الیکٹرک کو خط لکھا، ہم نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ نہ کریں ، اس کے علاوہ ہم کچھ نہیں کر سکتے، کے الیکٹرک بدمست ہاتھی ہے اسے منسٹر کنٹرول نہیں کرسکتے ہم کیا کریں گے۔