اسلام آباد : چیئرمین نیب جاویداقبال نے چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف انویسٹی گیشن عدم شواہد کی بنیاد پربند کرنے کی منظوری دے دی اور کہا بدعنوانی کاخاتمہ،میگاکرپشن کیسزمنطقی انجام تک پہنچانااولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاویداقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف انویسٹی گیشن عدم شواہدکی بنیاد پربند کرنے کی منظوری دے دی گئی، پرویز الٰہی پر بطور سابق وزیربلدیات29 افراد کو غیر قانونی بھرتی کاالزام تھا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں سابق ڈی جی پشاور اتھارٹی ودیگر کیخلاف انکوائری بھی عدم شواہد پر بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کاخاتمہ،میگاکرپشن کیسزمنطقی انجام تک پہنچانااولین ترجیح ہے، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، 466ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ، بد عنوان عناصر سے رقم برآمد کرناایک ریکارڈ کامیابی ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے نیب کی کارکردگی کوسراہا ہے، گیلانی اینڈگیلپ سروے کے مطابق 59 فیصدعوام نیب پر اعتماد کرتےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے راولپنڈی میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے ، لیبارٹری میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویز،فنگر پرنٹ کاتجزیہ ہوتا ہے۔
جسٹس ر جاوید اقبال نے مزید کہا مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے وسائل بروئے کار لائے جائیں ، شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریز اور انوسٹی گیشنزمقررہ وقت میں کی جائیں جبکہ انویسٹی گیشن آفیسرز ،پراسیکیوٹرزتیاری کیساتھ مقدمات کی پیروی کریں۔