اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بیرون ملک فرار کرپٹ افرادکو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے.
ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب نے نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ نیب کرپٹ افراد کی وطن واپسی کے لئے کوششیں کر رہا ہے.
چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے، نیب کرپشن کا خاتمہ اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے.
انھوں نے کہا کہ نیب افسران قانون کے مطابق ذمہ داریاں انجام دیں، نیب کسی دباؤ میں آئے بغیر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کر رہا ہے.
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ13ماہ میں54 ہزار344 شکایات موصول ہوئیں، اسکروٹنی کے بعد 2 ہزار 125 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی.
نیب اعلامیہ کے مطابق اس عرصے میں ایک ہزار 59انکوائریاں اور302 تحقیقات کی منظوری دی گئی.
مزید پڑھیں: نیب نے سابق وفاقی وزیر میاں منظور وٹو کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا
یاد رہے کہ آج نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کیا تھا، مگر انھوں نے قومی احتساب بیورو کے احکامات ہوا میں اڑا دیے.
نیب کی جانب سے ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی کو آج طلبی کا سمن جاری کیا گیا تھا.