جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے: چیئرمین نیب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے۔ پاکستان آج بھی ریاست مدینہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے سیمینار سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے دیانتداری سے کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، نیب نے کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کر دیا ہے، کرپشن کے خلاف اقدامات کر کے اپنی منزل کا آغاز کردیا۔ نیب سے سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے صرف میرٹ کو اپنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔ احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ نئی نسل ملک کو کرپشن فری بنانے میں نیب کا ساتھ دے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف سے ہی ملک ترقی کے منازل طے کرتے ہیں، احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ نیب کا ملک سے کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہوگیا ہے، نیب نے اب تک 328 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ سیاستدان نہیں ہوں کہ کوئی تنقید کروں، ماضی میں وہ اقدامات نہیں کیے گئے جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے کرپشن کے خلاف پہلی اینٹ ضرور رکھ دی ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ نیب کی پہلی اور آخری منزل ہے۔ نیب کرپشن کے 70 سالہ پرانے مرض کو اکیلے دور نہیں کر سکتا۔ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، خود احتسابی کے عمل کو اپنانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ خود احتسابی کو اپنائیں گے تو آہستہ آہستہ کرپشن کا ضرور خاتمہ ہوجائے گا، نیب میں کسی قسم کی سفارش نہیں ہوگی صرف میرٹ پر کام ہوگا۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ وہی خواب ہے جو آج ہم دیکھ رہے ہیں، ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے۔ پاکستان آج بھی ریاست مدینہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں