لاہور : چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن اب دیمک نہیں کینسر بن چکی ہے، ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کسی سرزنش کی پروا نہیں کریں گے، نیب کے اقدامات ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب انسان دوست ادارہ ہے،اس کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے، صرف نیب نے نہیں بلکہ ہم سب کو مل کر برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو مجھ کرنا ہے کروں گا، مجھے کسی کی پرواہ نہیں، ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا، یہ تاثرغلط ہے کہ نیب قومی ترقی میں حائل ہورہا ہے۔
نیب کسی بھی قسم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، نیب اپنا کام قانون کے مطابق کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ہمیں چاہیے تمام ترجدوجہد پاکستان کیلئے کریں، ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں: نیب نے بدعنوان عناصر سے اب تک289ارب وصول کیے، جسٹس (ر) جاوید اقبال
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی دباؤ یا سفارش قبول نہیں کریں گے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، بد عنوان افسران کی نیب میں کوئی جگہ نہیں ہے، نیب افسران دیانت داری سے کام کریں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔