ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الزامات پر چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے الزامات پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے پریس کانفرنس میں نیب پر متعدد الزامات لگائے، جس پر قومی احتساب بیورو کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے متعلقہ کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا، اور کیس پر مزید کارروائی روکنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہم تمام پارلیمنٹیرنز کا قانون کے مطابق احترام کرتے ہیں، مکمل جانچ پڑتال کے بعد مذکورہ کیس پر مزید کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے بھی کیس کے سلسلے میں مؤقف لیا جائےگا، نیز، کرونا کے دوران نیب کسی اسپتال سے ریکارڈ طلب نہیں کرے گا، اگر کسی اسپتال کا ریکارڈ منگوانا ضروری ہوگا تو حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سینیٹ آف پاکستان نیب کی دھمکیوں کی زد میں ہے، تاجروں کو آرمی چیف، وزیر اعظم پاکستان، اور خود چیئرمین نیب کی جانب سے بھی زیادتی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن کوئی بھی نیب کے خلاف بولتا ہے تو اسے نوٹس بھیج دیا جاتا ہے۔

انھوں نے نیب پر بلیک میلنگ آرگنائزیشن کا الزام لگاتے ہوئے کہا نیب نے مجھ پر الزام لگایا ہے کہ میں نے بے نامی ٹرانزکشن کی ہے، جب کہ میں نے اپنی فیملی کی مدد کے لیے منگلا کور کی زمین کے لیے ٹرانزیکشن کی تھی، ہم سینیٹ کی کمیٹی میں ان الزامات کی تحقیقات کریں گے۔

سلیم مانڈوی والا نے نیب افسر انجینئر عرفان منگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں اس کیس کو سینیٹ کے ذریعے پورے ملک کو دکھاؤں گا، نیب کے ہر افسر کے اثاثے پارلیمنٹ اور میڈیا کے سامنے لاؤں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں