اسلام آباد : چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون بارشوں میں اضافہ ہوا، پاکستان میں موسم بری طرح خراب ہورہا ہے، ملکرکام نہ کیا تو قدرتی آفات بری طرح پاکستان کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے این ایل سی سی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹڈی دل کے چیلنج پر قابو پانا باعث مسرت ہے، این ڈی ایم اے نے کورونا کی طرح ٹڈی دل کے خاتمے میں حصہ ڈالا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے خدشات موجود ہیں، کورونا کے آغاز پر ہمارے پر حفاظتی سامان کی کمی تھی، کراچی میں تقریباً پچھلےسال کی نسبت 350ملی میٹر زیادہ بارش ہوئی، موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون بارشوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان میں موسم بری طرح خراب ہورہاہے ، ملکرکام نہ کیاتوقدرتی آفات بری طرح پاکستان کو نقصان پہنچاسکتی ہیں، اللہ کے فضل سے آج ہم حفاظتی سامان برآمد کررہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ، ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے ہم نے کامیاب حکمت عملی اپنائی ، کورونا سے پیدا صورتحال سے مثبت چیزیں بھی سامنے آئی ہیں، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھی ہمیں اپنی توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔