پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

چیئرمین کا عہدہ ختم، 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے نئی قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا ہے جس میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی سات اراکین پر مشتمل ہوگی اور ہر رکن کا عہدہ اور اختیارات برابر ہوں گے۔

محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز محمد یوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے جب کہ کپتان، ہیڈ کوچ بھی اس کے ممبر ہوں گے۔ ساتوں اراکین میں سے اکثریت پر فیصلہ ہوگا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی، ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے ایک ایک رکن پر ورکنگ ہوئی ہے، چار اراکین یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک ڈیٹا کا بندہ لیا ہے 2 کوآرڈینیٹرز ہوں گے۔ کوئی لابی نہیں چلے گی سلیکشن کمیٹی فیصلوں میں آزاد ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کا کنٹریکٹ بحال کردیا ہے، عماد وسیم سے ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات ہوئی ہے تاہم کسی قسم کے این او سی پر بات نہیں ہوئی۔ محمدعامر سے متعلق فیصلہ بھی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم میں پیرا شوٹرز کی گنجائش کم سے کم ہو گی، اب یہ نہیں ہوگا کہ کسی کا فون آجائے کہ اس کو کھلا دو یہ نہیں چلے گا۔ ٹیم کو بہتر کرنے کیلیے سلیکشن کمیٹی یا میرے پاس کوئی چراغ نہیں، کوئی دعویٰ نہیں کرتا مجھے 2 ماہ دیں آپ کو رزلٹ ملے گا، تاہم ایسی چیزیں کرنے جا رہا ہوں جس سے 5 سال بعد بہتری آئے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں