چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو 3 سال کی توسیع ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید 3 سال کے لیے چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احسان مانی کو توسیع دینےکا فیصلہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ہوا ہے۔ احسان مانی کی پہلی 3 سالہ مدت اگست میں ختم ہو رہی ہے اور وہ اس عہدے پر مزید 3 سال برقرار رہیں گے۔
رواں ماہ کی 21 تاریخ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے ملاقات کی جس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے امور پر گفتگو کی گئی۔
اس کے علاوہ ملک میں کرکٹ کی بہتری ، لیگ کرکٹ کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کے معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں اور اپنی مصروفیات کے باعث قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں اور کرکٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
20 اگست 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزد کیا تھا۔
احسان مانی آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، ساتھ ہی وہ تین سال آئی سی سی کے سربراہ اور سال خزانچی رہ چکے ہیں.