پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے گزشتہ رات گئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے منگل کی رات گئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا اچانک دورہ کر کے اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیا اور رات گئے کام بند ہونے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے 24 گھنٹے کام جاری رکھنے کا حکم جاری کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلاتعطل دن و رات کام کر کے ہی اس بڑے پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کیلیے مزید وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اسٹیڈیم کی عمارت کے نیچے پائپ پھٹنے کے باعث جمع پانی کی جلد نکاسی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور جنرل منیجرانفراسٹرکچر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو آئندہ سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے جس کا ابتدائی شیڈول پاکستان کرکٹ بورڈ منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھیج چکا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے، جس کے لیے تینوں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔