لاہور: چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ جس نے کرپشن کی وہ کیرئیر ختم سمجھے، اب بکیز دوستوں اور رشتہ داروں کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں، صرف فٹ کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں چاہے جونیئر ہوں یا سینئر۔
پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
لاہور میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو وہ اپنا کیرئیر ختم سمجھے، فکسنگ کا طریقہ کار اب بدل گیا ہے، اب بکیز کسی رشتہ دار یا دوست یا کسی پرانے ساتھی کے ذریعے پیغام دیتے ہیں کہ کرکٹر ایسا کرلے تو اسے رقم مل جائے گی۔
فٹ نہ ہوئے تو سینئر کھلاڑی بھی ٹیم سے باہر ہوں گے
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے مزید کہا کہ اب صرف فٹ کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے اگر فٹ نہ ہوا تو سینئر کھلاڑی بھی ٹیم سے باہر ہوگا۔
شاہ زیب منگل کو بیان ریکارڈ کرائیں گے
اطلاعات ہیں کہ شاہ زیب منگل کو بیان ریکارڈ کرائیں گے، دونوں کرکٹر کے بیان کے بعد انہیں شوکاز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔