لاہور: چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے یونس خان تنازع کا نوٹس لیتے ہوئے میچ ریفری سے رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے یونس خان تنازع کا نوٹس لے لیا اور میچ ریفری سے تنازع کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان یونس خان کے خلاف لیول تھری کے تحت کارروائی کا امکان ہے۔
کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت یونس خان خط وصول کرنے سے انکار کر کے لیول تھری کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیول تھری کوڈ کے تحت یونس کو تین سے پانچ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، میچز کی پابندی لگنے کی صورت میں یونس خان کو اپیل کا حق ہو گا۔
پاکستان کپ میں پنجاب کےخلاف میچ میں یونس خان نے رن آؤٹ ہونے پر امپائر سے اعتراض کیا، یونس خان اورامپائرمیں بحث ہوئی، جس پرامپائرنے میچ ریفری کو شکایت لگادی جس کے بعد خیبر پختونخواہ کے کپتان پرمیچ فیس کاپچاس فیصد جرمانہ عائدکردیاگیا تھا۔
اس سے قبل یونس خان نے اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کے خلاف اپیل مسترد ہوجانے پر بھی امپائرسے الجھ پڑے تھے، یونس خان کو فیلڈامپائرسے تلخ کلامی پرنوٹس بھیجاگیا، لیکن انھوں نے جواب نہیں دیا، میچ ریفری کے بلانے پر بھی یونس خان نہیں گئے۔
جرمانے کی خبرسن کریونس خان آؤٹ آف کنٹرول ہوئے اوراحتجاجا پاکستان کپ چھوڑکرکراچی روانہ ہوگئے تھے ۔