اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کےسربراہ بلاول بھٹوزرداری کا کہناہےکہ شہید بابرسہیل بٹ اور شوکت بسرا پر حملہ سازش کا حصہ ہے۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے پی پی رہنما بابرسہیل بٹ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ نواز حکومت نے اپنے کارندے دہشت گردی کےلیے چھوڑ رکھے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری نے شہیدبابر بٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہاکہ ان کے خاندان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔
پیپلزپارٹی کےسربراہ بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ حکومت ورثا کی مرضی سےکیس کرکے اصل ملزمان گرفتار کرے۔انہوں نےکہاکہ اگرکارکنوں نےبرداشت کادامن چھوڑ دیا تو نواز حکومت کوبھاگناپڑےگا۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کےرہنما سید خورشید شاہ کا کہناہےکہ پیپلزپارٹی کےرہنما بابرسہیل بٹ کا قتل افسوسناک واقعہ ہے۔
خورشید شاہ کاکہناتھاکہ پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا پر حملہ کرنے والے ملزمان کوابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں اورحملہ آوروں کو فوراََ پکڑا جائے ورنہ ان حملوں کو سیاسی دہشت گردی سمجھا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پیپلزپارٹی کےرہنماکےقتل کامقدمہ درج ‘ن لیگ کےرکن قومی اسمبلی نامزد
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید کا کہناہےکہ اگر کوئی ہمیں اس طرح کی بزدلانہ وارداتوں سے ڈرانا چاہتا ہےتو وہ یاد رکھے کہ پیپلز پارٹی نے پھانسی، کوڑوں،جیلوں اور شہادتوں کی راہ سےگزر کر ملک میں جمہوریت قائم کی ہے۔
سید خورشید شاہ کا کہناتھاکہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کو آمرانہ انداز رکھنے والوں کے ہاتھوں پامال نہیں ہونے دےگی۔
واضح رہےکہ لاہور کےعلاقے مناواں میں اتوارکی درمیانی شب پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما بابرسہیل بٹ کوگھر میں گھس کراندھادھند فائرنگ کرکےقتل کردیاگیاتھا۔