اسکردو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی تم رہبر نہیں رہزن ہو، تم کشمیریوں کے قاتل ہو۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، بلاول بھٹو نے جلسے میں قاتل قاتل مودی قاتل کے نعرے بھی لگوائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے، تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی سے پوچھتا ہوں کہ اگر تم نے کشمیریوں کو حقوق دئیے ہیں تو کرفیو اٹھاؤ، تم مقبوضہ کشمیر میں جلسہ کرنے کی اجازت دو۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا مسلسل 18واں روز
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مودی تم مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرالو، تمہیں پتا چل جائے گا، کشمیریوں کو رہا کرو پھر دیکھو کیا ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نریندر مودی تم کشمیریوں کی بینائی چھین سکتے ہو لیکن خواب نہیں چھین سکتے، بھٹو نے ہتھیار نہیں ڈالے، کمزور پوزیشن میں بھی جنگی قیدی واپس لائے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، بھٹو کا نواسہ، بی بی کا بیٹا ابھی زندہ ہے، کشمیر پر کسی نے کوئی سودا کیا تو تمہارا وہ حال ہوگا جو دنیا یاد رکھے گی، کسی صورت بھی جناح اور بھٹو کے خواب سے سودا بازی نہیں کرنے دوں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کارکنوں کی وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں، کارکن آج بھی شہید کی جماعت کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، سلام ہے آپ کے حوصلے کو جو ہمالیہ کے پہاڑوں سے بھی بلند ہے۔