اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت دلدل میں دھنستے جارہے ہیں، بحیثیت قوم اگر آواز نہیں اٹھائیں گے تو وہ ہونے والاہے جو تاریخ میں نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک سے قوم سے ویڈیو لنک خطاب میں سابق وزیراعظم نے موجودہ معاشی حالات پر گہرے فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرف ملک جارہا ہے قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں، ملک تباہی کی طرف جارہاہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم اس وقت دلدل میں گھستے جارہے ہیں، بحیثیت قوم اگر آواز نہیں اٹھائیں گےتو وہ ہونےوالاہے جو تاریخ میں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں کی قسطیں ادا نہ کر سکنے پر ملک ڈیفالٹ کرنے جارہا ہے، ڈیفالٹ کا مطلب ہے کہ باہر سے آنے والی فنڈنگ رک جائے گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا، یہ لیڈر تیس سال میں اربوں روپے چوری کرکے باہر لے گئے،جن کا پیسہ باہر ہے انکو روپے کی قدر گرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں شورمچایا ہوا تھا کہ میں نے مہنگائی کردی،وہ چینلز اب چپ ہیں ،کچھ بول نہیں رہے، ہمارے دور میں مائیک لیکر لوگوں سے پوچھتے تھے کتنی مہنگائی ہے؟ اب ان چینلز کو گھڑی کی پڑی ہوئی ہے،وہ میری ذاتی گھڑی ہے بیچ دوں یا نہیں میری مرضی ہے۔