اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تین روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ تین روزہ نجی دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق بھی صادق سنجرانی کے ہمراہ ہیں، سینیٹر غوث نیازی، محمد ایوب، سینیٹر دلاور خان اور سید عباد حسن بھی وفد میں شامل ہیں۔
صادق سنجرانی نے وفد کے ہمرا مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی، چیئرمین سینیٹ نے ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
چیئرمین سینیٹ وفد کے ہمراہ کل عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے، وہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا شیڈول تیار
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران اور سعودی عرب کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر 15 اکتوبر منگل کو سعودی عرب جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور انھیں ایران دورے پر اعتماد میں لیں گے، خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل ایران کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایران سعودیہ تعلقات میں کشیدگی کم کروانے کے لیے کوشاں ہیں، وزیر اعظم دورہ ایران میں ایران کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔