اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ خطے میں امن سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، امن کا فروغ خطے میں اقتصادی تعاون کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عمان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے عمان کے سفیر کو مبارکباد دی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عمان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت پرخوشی ہوئی، پاکستان، عمان تاریخی، مذہبی، ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہیں، پاکستان،عمان میں مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عمان سے دوطرفہ تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ خطے میں امن سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، امن کا فروغ خطے میں اقتصادی تعاون کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
عالمی برادری کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے، چیئرمین سینیٹ
یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، عالمی دنیا کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔
چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا فلسطین کے معاملے پر مؤقف واضح ہے، فلسطین کےعوام کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔