اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قیام جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا، یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، اختلافات بھلاکر تعمیروترقی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کےحوالے سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے، پاکستان کا قیام جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، اختلافات بھلاکرتعمیر وترقی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ملک کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا قوم کوملکی استحکام کی خاطر متحد ہونا ہو گا، وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ذمے داریاں پوری کرنا ہوں گی، جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرناہوں گی۔
یومِ پاکستان ہمیں تحریک پاکستان کی قربانیوں کی یاددلاتاہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان ہمیں تحریک پاکستان کی قربانیوں کی یاددلاتاہے، ہمارے آباؤ اجداد نے کئی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا۔
سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کامقصدہرشہری کویکساں حقوق فراہم کرناتھا، قائداعظم نےپہلی تقریرمیں ہی پاکستانی ریاست کامقصدواضح کردیاتھا، یہاں مذہب، رنگ نسل اورمرتبےکی بنیادپرکوئی فرق نہیں ہوناچاہئے، امیراورغریب کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوناچاہئے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم پاکستان جوش وجذبے سےمنایا جا رہا ہے، 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں مسلم لیگ نے برصغیر سے علیحدگی کے لیے قرار داد پیش کی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک قائم کیا جائے کیونکہ ہندو اور مسلم علیحدہ نظریات کی حامل اقوام ہیں۔