بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

چیئرمین سینیٹ کا سعودی ولی عہد کوگولڈ پلیٹڈ بندوق اور پورٹریٹ کا تحفہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ  نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کوگولڈ پلیٹڈ بندوق اور پینسل سے تیار کردہ پورٹریٹ کا تحفہ دیا اور کہا سعودی عرب کی سرمایہ کاری پاکستان پراعتمادکی عکاس ہے، سعودی عوام خوش قسمت ہیں انہیں شہزادہ محمدبن سلمان ولی عہدملا ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں اپوزیشن رہنماوں سمیت گیارہ رکنی پارلیمانی وفد نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، پارلیمانی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری علی محمد خان اور چیف وہپ عامرڈوگر، شبلی فراز، پارلیمانی لیڈر اعظم سواتی ، ظفرالحق ، ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر مشاہد اللہ خان، شیری رحمان اور اورنگزیب اورکزئی شامل تھے۔

چیئرمین سینیٹ نے شہزادہ محمد بن سلمان کوگولڈ پلیٹڈ بندوق اور پورٹریٹ کا تحفہ دیا،سعودی ولی عہدکی تصویر مصوروقاص شائق نے پینسل کی مددسے تیارکی جبکہ گولڈپلیٹڈبندوق پاکستان آرڈیننس فیکٹری سےتیارکرائی گئی ہے۔

اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا سعودی عرب کی سرمایہ کاری پاکستان پراعتمادکی عکاس ہے ،سرمایہ کاری سے علاقائی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کاوژن2030 امن،معاشی ترقی،خوشحالی کاوژن ہے، سعودی عوام خوش قسمت ہیں انہیں شہزادہ محمد بن سلمان ولی عہد ملا، دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا۔

انھوں نے مزید کہا پاکستان میں حالات تبدیل ہوگئے ہیں ، ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کی فضاانتہائی سازگارہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یہ دوستی وقت کےہرامتحان پرپورااتری ہے، دونوں ملک سیاسی وسیکیورٹی معاملات پرایک نقطہ نظررکھتے ہیں اور دونوں ملکوں میں کثیر الجہتی فورمز پر مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب شہزادہ محمدبن سلمان کےاعزازمیں ایوان صدرمیں پُروقارتقریب ہوگی، صدرپاکستان عارف علوی سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کواعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازیں گے۔

مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد کوآج پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزازنشانِ پاکستان دیا جائے گا

تقریب میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے، تقریب کے بعد صدر مملکت عارف علوی اور سعودی ولی عہد کی ملاقات ہوگی، صدرمملکت شاہی مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

سعودی ولی عہد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی بھی وفدکےہمراہ ملاقات کاامکان ہے۔

محمد بن سلمان دورہ پاکستان کی تکمیل پر سہ پہرکےبعدروانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین شاہی مہمان کو الوداع کہیں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان اسلام آباد پہنچے ، وزیراعظم ، آرمی چیف اور اراکین نے ان کا استقبال کیا ، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان اورولی عہد کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، جس میں باہمی تعلقات کونئی بلندیوں پرلےجانےکاعزم کیاگیا اور دونوں ملکوں کےدرمیان سات تاریخی معاہدوں پر دستخط کیےگئے۔

پروقار تقریب میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورمہمان سعودی وزیرخارجہ نے اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبےمیں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ، وزیربین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور سعودی وزیرعادل الجبیر نے کھیلوں کےشعبے میں خصوصی تعاون کےمعاہدے، وزیرخزانہ اسد عمراورمہمان سعودی وزیرنے سعودی مصنوعات کی درآمد اور سعودی فنڈ سے توانائی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزیرپٹرولیم غلام سرورخان اور سعودی وزیرتوانائی خالدالفالح نےآئل ریفائنری اور پٹروکیمیکل کمپلیکس کی تعمیراور معدنی وسائل کی ترقی کے معاہدے اور وزیر بجلی عمر ایوب اور سعودی وزیر نے متبادل توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں