چکوال: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرملک میں سیاحت کو فرو غ دینے کے لیے وزیرسیاحت راجہ یاسر ہمایوں کی کاوشوں سے شمالی پنجاب میں پہلی چکوال جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے،جیپ ریلی کا افتتاح وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے کیا۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے راجہ یاسرہمایوں نے کہاکہ جیپ ریلی پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ریلی ہے جس میں ایڈونچرس ٹریک بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں سے پورے ریجن میں ایک نئی معاشی اور ثقافتی ترقی کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ چکوال جیپ ریلی کا ٹریک اکیس کلومیٹر جبکہ اس میں چالیس سے زائد ریسرز حصہ لے رہے ہیں۔ چکوال جیپ ریلی میں کل نو کیٹیگریز ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے جیپ ریسرز نے اس ریلی میں بھرپور حصہ لیا ہے،ریلی کی کامیابی پوری ٹیم کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔انہوں نے کہاکہ چکوال کو پنجاب کا لیک ڈسٹرکٹ قرار دیا گیا ہے،یہاں کی جھیلیں اور منفرد جغرافیہ سیاحوں کا دل موہ لیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شمالی پنجاب میں پہلی جیپ ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پورے پنجاب میں ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کرکے ایک معاشرتی اور معاشی انقلاب برپا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں جیپ ریلیوں کا انعقاد باقاعدگی سے ہوتا رہتا ہے جیسا کہ حال ہی میں چولستان میں 14 سال سے مسلسل ہونے والی جیپ ریلی منعقد ہوئی تھی ۔
اس سے قبل گزشتہ سال گوادر میں 19 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک جاری رہنے والی آف روڈ جیپ ریلی پاک آرمی اور ایک نجی ادارے کی معاونت سے منعقد کی گئی تھی ، اے آر وائی نیوز آف روڈ ریلی کا آفیشل میڈیا پارٹنر تھا، ریلی میں 150 سے زائد ڈرائیورز حصہ لے رہے تھے۔