منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

قلعہ عبداللہ کے چھیالیس سال کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

رپورٹ: اختر گلفام

چمن: بچوں کو پڑھتا دیکھ کر 46 سال کے والد کا بھی شوق جاگ پڑا، قلعہ عبداللہ کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عبدالرزاق قلعہ عبداللہ، تحصیل گلستان کے ایک منفرد طالب علم ہیں، بیٹوں کا اسکول دیکھ کر جن کا اپنا دل پڑھنے کو چاہا تو گیارہویں جماعت میں داخلہ لے لیا۔

عبدالرزاق نے 31 سال بعد پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ جوڑا ہے، چوتھی اور چھٹی جماعت میں پڑھنے والے بیٹے اپنے اسکول اور عبدالرزاق کالج ساتھ ساتھ جاتے ہیں۔

ہوا یوں کہ ایک بار عبدالرزاق اپنے دو بیٹوں کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اسکول گئے، وہاں بچوں کو پڑھتا دیکھ کر اچانک ان کے دل میں اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے کا شوق پوری طاقت سے بیدار ہو گیا۔

عبدالرزاق 1992 میں میٹرک کرنے کے بعد علاقے میں شروع ہونے والی قبائلی جنگ کی وجہ سے آگے نہ پڑھ سکے تھے، اب انھوں نے اکتیس سال بعد گلستان کے ایک نجی سیکنڈری ہائی اسکول میں فرسٹ ایئر میں داخلہ لیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ ایم اے کرنا چاہتے ہیں۔

کاکا شہید فاؤنڈیشن کالج کے پرنسپل عبدالقادر مندوخیل نے کہا ’’ہمیں تعجب ہوا جب سنا کہ ایک چھالیس سالہ شخص واپس تعلیم حاصل کرنے آ رہا ہے، ہم نے جب عبدالرزاق کا جذبہ دیکھا تو انھیں ریگولر داخلہ دے دیا۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ انھیں قبائلی مسائل کے باعث اپنے اور ان کی طرح کئی دیگر لوگوں کے تعلیمی نقصان پر بہت افسوس ہے۔

عبدالرزاق کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہمارے اس منفرد طالب علم کا خواب پورا ہو، اور وہ پورے علاقے کے لیے ایک کامیاب مثال بنے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں