منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

اشتہار

حیرت انگیز

چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، سنگین جرائم میں ملوث سترہ خطرناک قیدی فرار ہو گئے ہیں، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق فجر کی نماز کے لیے بیرک سے نکالے گئے قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ شروع کر دی، قیدیوں نے فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا جب کہ قیدیوں کو طبی امداد کے لیے چمن ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد نعیم اچکزئی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ آج صبح پولیس نے قیدیوں کو فجر کی نماز کے لیے بیرک سے باہر نکالا، اس دوران چند قیدیوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ڈنڈوں سے مار کر بے ہوش کیا، اور اہلکار سے اسلحہ چھین کر دوسرے اہلکار پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس سب جیل پر صرف 2 اہلکار تعینات تھے جب کہ جیل میں 300 سے زائد قیدی موجود ہیں، پولیس نے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں