چیمپئنز ون ڈے کپ میں عرفان خان کی سنچری کی بدولت لائنز نے مارخورز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آٹھویں میچ میں لائنز کی جانب سے دیے گئے 368 رنز کے تعاقب میں مارخورز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بناسکی۔
لائنز کی جانب سے عرفان خان نے 56 گیندوں پر 100 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 10 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
خوشدل شاہ 45 گیندوں پر 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق بالترتیب 52 اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مارخورز کی جانب سے زاہد محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عمران اور افتخار احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
ہدف کے تعاقب میں مارخورز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 332 رنز بناسکی اور یوں لائنز نے میچ میں 35 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
فخر زمان کے 82 اور سلمان علی آغا کے 69 رنز رائیگاں گئے، عبدالصمد کے 42 اور افتخار احمد کے 25 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے۔
لائنز کی جانب سے احمد دانیال، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی اور عامر یامین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔