ایجبسٹن: چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا اہم میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
تفصیلات کےمطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 291 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں نویں سنچری مکمل کی لیکن سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی وہ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کر دی اور کافی دیر کا کھیل ضائع ہونے کے سبب آسٹریلین اننگز کو 33 اوورز تک محدود کر کے انہیں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 235 رنز کا مشکل ہدف ملا۔
چیمپئنزٹرافی کا پہلا معرکہ ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم اننگز کے آغاز سے مشکلات سے دوچار رہی اور 35 کے مجموعے تک دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ پویلین لوٹ چکے تھے۔
اسٹیون اسمتھ اور موئسز ہیریکس نے اسکور کو 53 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ ایڈم ملنے نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ہینریکس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
واضح رہےکہ تیسری وکٹ گرنے کے ساتھ ہی بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی اور موسلا دھار بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا جس کے سبب امپائر نے دونوں کپتانوں سے مشاور کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ مل گیا۔