منگل, اپریل 22, 2025
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی: افغانستان اور آسٹریلیا کا آج میچ بارش کی نذر ہوا تو کیا ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی میں آج افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈو آر ڈائی میچ کھیلا جائے گا میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کا اہم میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا کے تین اور افغانستان کے دو پوائنٹس ہیں۔ افغان ٹیم جیتی تو فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی اگر ہاری تو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔

تاہم آج کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل جائے گا اور گروپ بی میں سیمی فائنل میں جانے کی جنگ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔

آج کا میچ اگر نہ کھیلا گیا ایک ایک پوائنٹ ملنے سے آسٹریلیا چار پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گا۔ تاہم افغانستان کے تین پوائنٹ کے ساتھ اس دوڑ میں برقرار رہنے کے معمولی سے امکانات برقرار رہیں گے، لیکن اس کا انحصار جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے اگلے گروپ میچ کے نتیجے پر ہوگا۔

جنوبی افریقہ کے بھی تین پوائنٹ ہیں تاہم اس کا رن ریٹ 2.14 جب کہ افغانستان کا منفی 0.305 ہے۔ اس صورت میں آسٹریلیا سے بڑی شکست کی صورت میں رن ریٹ گرنے کی صورت میں ہی افغانستان کا سیمی فائنل کھیلنے کا چانس ہوگا، بصورت دیگر نتیجہ کچھ بھی نکلے کینگروز کے ساتھ پروٹیز بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گے۔

اگر آج کے میچ کے حوالے سے افغانستان اور آسٹریلیا کے باہمی میچوں کا تقابل کریں تو کینگروز ناقابل شکست ہیں۔ چاروں میچوں میں آسٹریلیا نے افغان ٹیم کو چت کیا ہے۔تاہم افغانستان نے دو روز قبل انگلینڈ کو شکست دی ہے اور اس کے حوصلے بلند ہیں۔

واضح رہے کہ گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور بھارت پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان سمیت انگلینڈ اور بنگلہ دیش میگا ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کا ایک سیمی فائنل دبئی اور دوسرا لاہور میں بالترتیب 5 اور 6 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ بھارت اگر فائنل میں پہنچا تو پھر 9 مارچ کو فائنل میچ دبئی بصورت دیگر لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں