چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 8 سال بعد ہو رہا ہے تاہم اس میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں میں کچھ ایسے بھی کھلاڑی ہیں جو 2017 کا ٹورنامنٹ بھی کھیلے تھے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 8 سال بعد ہو رہا ہے۔ آخری بار یہ شوپیس ایونٹ 2017 میں ہوا تھا اور پاکستان نے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
تاہم 8 سال بعد بھی میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں میں کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جو 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھی اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
پاکستان:
بات کریں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میزبان ملک اور دفاعی چیمپئن پاکستان کی تو 2017 کے ایونٹ میں گرین شرٹس ٹیم کا حصہ بنے کئی کھلاڑی ریٹائرمنٹ لے چکے اور کچھ کو منتخب نہیں کیا گیا۔ تاہم موجودہ اسکواڈ میں تین کھلاڑی ایسے ہیں جو 8 سال قبل چیمپئن ٹیم کا حصہ تھے۔
ان میں اسٹار بیٹر بابر اعظم، جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف شامل ہیں جو 2017 میں بھی ایکشن میں تھے۔ فخر زمان کی فائنل می سنچری اننگ نے تو پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی تھی۔ توقع ہے کہ ان کا تجربہ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بھارت:
سال 2017 کی رنر اپ روایتی حریف بھارتی ٹیم کے موجودہ اسکواڈ میں شامل چار کھلاڑی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رویندر جڈیجا اور ہاردیک پانڈیا گزشتہ ٹورنامنٹ میں بھی بلیو شرٹس اسکواڈ کا حصہ تھے۔
آسٹریلیا:
کینگرو ٹیم کے بھی چار کھلاڑی گلین میکسویل، اسمتھ، ٹریوس ہیڈ اور ایڈم زمپا بھی لگاتار دوسری بار چیمپئنز ٹرافی کھیلیں گے۔
انگلینڈ:
جوز بٹلر، عادل رشید، جو روٹ اور مارک ووڈ بھی 2017 کی طرح 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے دوران میدان میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
جنوبی افریقہ:
پروٹیز کے تین کھلاڑی ڈیوڈ ملر، رباڈا اور کیشو مہاراج بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 2017 کا ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں۔
بنگلہ دیش:
بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم سمیت 5 کھلاڑی گزشتہ ایونٹ میں اسکواڈ کا حصہ تھے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام اسکواڈز مضبوط اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جو اپنی پرفارمنس سے ٹورنامنٹ کو یادگار بنا سکتے ہیں۔