جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

عاطف اسلم کو بھی کرکٹ کا بخار چڑھ گیا، دل چھو لینے والی ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی جیسے جیسے قریب آ رہی ہے کرکٹ کا نشہ چھاتا جا رہا ہے معروف گلوکار عاطف اسلم کو بھی لگتا ہے کرکٹ بخار چڑھ گیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ 19 فروری سے شروع ہونے والے اس میگا ایونٹ میں افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد جیسے جیسے قریب آ رہا ہے۔ شائقین کرکٹ اس کے رنگ میں رنگتے جا رہے ہیں۔ ملک کے معروف گلوکار عاطف اسلم پر بھی کرکٹ کا بخار چڑھ گیا ہے اور اس کا ثبوت انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک دلکش ویڈیو شیئر کر کے کیا ہے۔

کرکٹ کے رنگ میں رنگی اس ویڈیو میں عاطف اسلم پہلے ایک پارک میں بلا تھامے جاتے نظر آتے ہیں۔ پھر وہ کرکٹ کھیلتے اور گیند کو ہٹ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی۔ اسکے بعد وہ پارک میں ٹہلتے ہوئے ایک شخص کے کاندھے پر ہاتھ رکھے بلے سے مختلف شاٹ مارنے والے انداز اختیار کرتے ہیں۔

اس کے بعد گلوکار ایک گنے کی ریڑھی پر کھڑے گنڈیریوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کرکٹ کے خیال میں گم اور ایکشن میں اِن نظر آتے ہیں۔

عاطف اسلم کار میں بیٹھے ہوں یا پارک میں جھولے اور ٹرین میں وہ ایسے انداز کرتے دکھائی دیتے ہیں جیسے کہ وہ بیٹ سے گیند کو ہٹ کر کے شاٹ مار رہے ہیں۔

ان سارے مناظر کے پس منظر میں گلوکار کا مشہور ڈوئٹ گانا ’’ویسے تو من میرا پہلے بھی راتوں میں اکثر ہی چاہت کے ہاں سپنے سجاتا تھا، پہلے بھی دھڑکن میں دھن کوئی گاتی تھی پر اب جو ہوتا ہے وہ پہلے نہ ہوتا تھا۔‘‘ اس ویڈیو کو مزید مسحور کن بنا رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ بھی عاطف اسلم نے ہی گایا ہے۔ یہ گانا آئی سی سی کی جانب گزشتہ دنوں ریلیز کر دیا گیا تھا اور امکان ہے کہ 16 فروری کو حضوری باغ میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ویڈیو: چیمپئنز ٹرافی کا جوش بڑھاتا آفیشل ترانہ جاری

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں