راولپنڈی: چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
راولپنڈی میں بارش کے باعث جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے میچ کا ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقا کی ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
میچ منسوخ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے تین تین پوائنٹس ہوگئے۔
گروپ بی میں جنوبی افریقا پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے، انگلینڈ کا تیسرا اور افغانستان کا چوتھا نمبر ہے۔
اس وقت بھی جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آج دن بھر بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی میں شامل مذکورہ دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیت رکھا ہے۔ آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ جب کہ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دی۔ آج جو بھی ٹیم فتح حاصل کرے گی وہ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو قوی کرے گی۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ ون سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دفاعی چیمپئن ومیزبان پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔
اب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 27 فروری کو لاہور میں کھیلا جانے والا میچ محض ایک رسمی کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے۔
میگا ایونٹ کے سیمی فائنل 5 اور 6 مارچ کو دبئی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ میچ دبئی بصورت دیگر فائنل میچ 9 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔